منگل 11 فروری 2020 - 18:21
انقلاب اسلامی امام زمانہ(عج) کے عالمگیر انقلاب کی ایک جھلک ہے، نائب صدر آئی ایس او پاکستان

حوزہ/ برادر علی زین مرکزی نائب صدر آئی ایس او پاکستان نے انقلاب اسلامی کی 41ویں سالگرہ کے موقع پر عالم اسلام کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے اپنے پیغام میں کہا کہ 41برس گزرنے کے باوجود انقلاب اسلامی تمام عالمی استکبار کو ان کی شکست کا پیغام دے رہا ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق علی زین مرکزی نائب صدر آئی ایس او پاکستان نے انقلاب اسلامی کی 41ویں سالگرہ کے موقع پر عالم اسلام کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے اپنے پیغام میں کہا کہ 41برس گزرنے کے باوجود انقلاب اسلامی تمام عالمی استکبار کو ان کی شکست کا پیغام دے رہا ہے۔ انہوں نے بانی انقلاب امام خمینی کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ امام کی قیادت میں رونما ہونے والے انقلاب کی فیوض و برکات سے آج بھی پوری دنیا کے باشعور عوام مستفید ہو رہے ہیں انقلاب اسلامی کی بدولت دنیا میں جذبہ حریت پیدا ہوا اور طاغوت کے خلاف اٹھ کھڑے ہونے کی ہمت پیدا ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ انقلاب اسلامی کے اثرات نہ صرف ایک خطے میں بلکہ پوری دنیا میں مرتب ہوئے ہیں، استعماری قوتوں نے اس کے خلاف کوششیں کیں کہ کسی طرح اس کی بساط لپیٹ دی جائے مگر یہ انقلاب وقت کے ساتھ ساتھ مضبوط تر ہوتا چلا گیا۔ان کا مزید کہنا تھا کہ آج دنیا میں اسلامی بیداری کی لہر انقلاب اسلامی ہی کی بدولت ہے اور دنخا بھر میں حریت کا پرچم اسی انقلاب کی بدولت لہرا رہا ہے۔انقلاب اسلامی امام زمانہ کے عالمگیر انقلاب کی ایک جھلک ہے۔
برادر علی زین  نے مزید کہا کہ امسال 11فروری شہید قاسم سلیمانی کے پاکیزہ خون کی یادآوری میں ان کے ایام چہلم کی بدولت اپنی نوعیت  کے اعتبار سے اہمیت کا حامل ہے کیونکہ  شہید قاسم اسی انقلاب اسلامی کے ایک سپاہی تھے اور شہید صیہونی طاقتوں کے لئے مایوسی جبکہ مستضعفین جہاں کے لئے امید کا استعارہ تھے۔ انقلاب اسلامی اور شہید قاسم سلیمانی کی بدولت دنیا بھر کے مظلومین اور بالخصوص تحریک فلسطین کو تقویت حاصل ہوئی اور مسئلہ فلسطین قومی و علاقائی مسئلہ سے بین الاقوامی مسلے کی حیثیت اختیار کر گیا۔ان کا مزید کہنا تھا کہ امریکہ نے انقلاب اسلامی کے ایک سپاہی کو شہید کر کے لاکھوں سلیمانی خود اپنی طاغوتی راہوں میں کھڑے کر دئیے۔برادر علی زین نے کہا کہ شہید سلیمانی کے خون اور مشرق وسطیٰ کی بدلتی صورتحال نے دنیا پر واضح کر دیا کہ استکبار کا مقابلہ کرنے کے لیے اسلامی انقلاب ہی اصلی وسیلہ ہے جس کی بنا پر غلامی سے نجات حاصل کی جا سکتی ہے۔انقلاب اسلامی کی وسعت کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہاکہ موجودہ دور میں اسلامی انقلاب نے نا فقط عالم اسلام پر اپنے اثرات چھوڑے ہیں بلکہ تمام اسلامی دنیا کے ساتھ ساتھ باقی دنیا پر بھی گہرے اثرات نقش کیے ہیں مرکزی نائب صدر کا مزید کہنا تھا کہ  انقلاب اسلامی عالم اسلام کے لئے ہدایت کا سرچشمہ ہے اس انقلاب کی بدولت پاکستان سمیت عالم اسلام میں انقلابی نہضتوں نے جنم لیا انقلاب سے ہمیں وحدت اور دشمن شناسی کا پیغام حاصل کر کے اپنے حقیقی دشمن اور دوست کی شناسائی کرنی ہوگی اورآج ضرورت اس امر کی ہے کہ تمام عالم اسلام استکبار جہانی کے خلاف پرچم انقلاب اسلامی کے سائے تلے یکجا ہو جائے کہ یہی راہ خدا او رسول ہے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha